لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے اپنا پہلا انتخابی جلسہ مانسہرہ میں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد ن لیگ اپنے پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کے لیے متحرک ہوچکے ہیں، نوازشریف نے اپنا پہلا انتخابی جلسہ مانسہرہ میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سابق وزیراعظم 22 جنوری سے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پہلے جلسے کے لئے پنجاب کے ضلع قصور اور خیبرپختونخوا کے علاقہ مانسہرہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جانا تھا اور قرعہ فال مانسہرہ کے نام نکلا، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی مانسہرہ میں جلسے کے لئے پارٹی قائد کے ہمراہ ہوں گی۔
بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن صوبہ خیبرپختونخوا میں نواز شریف کے پہلے انتخابی جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم ہوگئی ہے، مانسہرہ میں جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی قیادت نے کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور سردار یوسف کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔
ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز لاہور اور بھیرہ میں انتخابی جلسوں کا انعقاد کریں گی جب کہ پارٹی صدر شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی ملک بھر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
باجوڑ : پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا، 5 پولیس اہلکار شہید
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا ہے کہ ہماری پارٹی کا منشور رواں ماہ کے وسط میں 15 یا 16 جنوری کو پارٹی سربراہ نواز شریف پیش کریں گے،
منشور پیش کرنے کے بعد مسلم لیگ ن اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی، اس حوالے سے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کا اجلاس 9 جنوری کو لاہور میں ہوگا جس میں منشور کا مسودہ پیش کیا جائے گا،
پارٹی قیادت مسودے کا جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر اس میں کچھ تبدیلیاں کرے گی اور پھر مسودہ پرنٹنگ کیلئے بھیجا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا منشور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے، معاشی بحالی، بے روزگاری و غربت کے خاتمے، قومی احتساب کے قوانین میں ترمیم اور بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، منشور میں اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے نگران حکومتیں ضروری ہیں یا الیکشن کمیشن اکیلے ہی یہ ذمہ داری ادا کر سکتا ہے،
جیسا کہ پڑوسی ممالک میں طرز عمل رائج ہے، میثاق جمہوریت کے کچھ نکات بھی منشور میں شامل کئے جا سکتے ہیں۔