اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 4 ہزار 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 53 مریضوں کی اموات ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا کی تازہ صورت حال سے متعلق اعدادوشمار جاری کردیے جن میں کہا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹے میں53ہزار528 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مثبت کورونا کیسز کی شرح7.54فیصد رہی، چار ہزار چالیس نئے کیسز منظر عام پر آئے۔
این سی او سی نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے کے دورانیے میں ترپن کورونا مریضوں کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک میں ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے باعث کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔ صوبائی حکومتوں نے وبا پر قابو پانے کے لیے ہرممکن کوششیں کیں اور کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان اس وقت کوروناوائرس کی چوتھی لہر کا سامنا کررہا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے صوبے بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں خاتمے کا نوٹی فکیشن جاری کر کے آج سے کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔