سندھ کے 15 اضلاع میں ایک ہزار سے زائد اساتذہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 11 ہزار اسکول بند ہیں جبکہ رجسٹرڈ نجی اسکولوں کی تعداد بھی 12 ہزار تک پہنچ گئی۔
سندھ حکومت صوبے میں بند اسکول کھولنے کے مشن پر ہے، محکمہ تعلیم نے بند اسکولوں کو کھولنے کیلئے اساتذہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
رپورٹ کے مطابق 15 اضلاع میں ایک ہزار سے زائد اساتذہ کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں ملیر، گڈاپ، کیماڑی، گھوٹکی، بدین، عمرکوٹ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، حیدرآباد، سانگھڑ، میرپورخاص اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں اس وقت 11 ہزار اسکول بند ہیں، 5 ہزار اسکول 23 سال سے جبکہ 6 ہزار اسکول سیلاب میں بند ہوئے۔
دوسری جانب وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے نجی اسکولز کے اعداد و شمار پر مشتمل ’’طلبہ شماری‘‘ سروے رپورٹ جاری کردی، لانچنگ تقریب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوئی۔
نجی اسکولز کے اعداد و شمار کی پہلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2022ء سے جاری مہم میں 12 ہزار 809 نجی اسکولز کا دورہ کیا گیا، نجی اسکولز میں 11 ہزار 736 فعال جبکہ ایک ہزار 73 اسکولز غیر فعال پائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں 10 ہزار 264 اسکولز رجسٹرڈ جبکہ 860 اسکولز کی رجسٹریشن کی درخواستیں زیر غور ہیں، سندھ میں 31 مدارس اسکول بھی ہیں۔
نجی اسکول سروے کے مطابق 1247 پرائمری، 553 مڈل، 2 ہزار 784 ایلیمنٹری 6 ہزار 546 سیکنڈری اور 606 ہائر اسکولز/ اے او لیول ہیں۔
سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ میں 10 ہزار 776 انگلش میڈیم، 469 اردو جبکہ 491 سندھی میڈیم نجی اسکولز ہیں، نجی اسکولوں میں 39 لاکھ 41 ہزار 938 طالب علم زیر تعلیم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نجی اسکولز میں 18 لاکھ 4 ہزار 333 طالبات (گرلز) زیر تعلیم ہیں جبکہ 21 لاکھ 37 ہزار 605 طلبہ (بوائز) نجی اسکولز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
سروے کے مطابق صوبہ میں ایک لاکھ 66 ہزار 788 منارٹی کمیونٹی طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں، نجی اسکولوں میں 2 لاکھ 98 ہزار 938 ملازمین ہیں، جس میں 2 لاکھ 25 ہزار 158 ٹیچنگ جبکہ 73 ہزار 780 نان ٹیچنگ عملہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نجی اسکولوں میں ایک لاکھ 71 ہزار 423 فیمیل ٹیچرز جبکہ 53 ہزار 735 میل شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔