اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایران کے سیستان صوبے میں پاکستان کی کاروائی پر اپنے بیان میں ایرانی شہریوں کو جانی نقصان سے بچاتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی و علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا، دہشت گردی ایک مشترکہ چیلنج ہے، خاتمے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے، پاکستان دیگر ممالک سے بھی یہی توقع رکھتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں، پاکستان اورایران برادر ممالک ہیں، مسائل کو مذاکرات اور باہمی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
آج صبح پاکستان نے ایران میں اسٹرائکس کیں، حملوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے بلوچستان پر حملے کے جواب میں پاکستان نے آپریشن مرگ بر سرمچار کے دوران ایرانی سرزمین پر کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک کردیئے جب کہ دو روز قبل ایران نے بلوچستان کے علاقے سرحدی علاقے میں میزائل اور ڈرون حملے کرکے 2 بچیوں کو شہید اور 3 کو زخمی کر دیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے قابل بھروسہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی، خود کو سرمچار کہلانے والی پاکستانی نژاد دہشت گردوں کے ایرانی سرزمین پر محفوظ ٹھکانے موجود ہیں،
پاکستان نے دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد پر مبنی کئی ڈوزئیرز ایران کے ساتھ شئیر کئے،
پاکستان کے اظہار تشویش کے باوجود سرمچاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، کارروائی نہ ہونے کے باعث سرمچار معصوم پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے،
آج کی کارروائی پاکستان کی جانب سے قومی سلامتی کو تمام خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار ہے، آج کا انتہائی پیچیدہ آپریشن پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اظہار ہے۔