راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔
ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے انڈونیشیا کی وزیرخارجہ مسز رتنو لیستاری پرینساری مرسودی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور افغان صورتحال پر بات چیت کی گئی، اور افغانستان میں امدادی کاموں میں تعاون اور شراکت داری پر غور کیا گیا، جبکہ باہمی دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امور میں انڈونیشیا کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ آرمی چیف نے پرامن افغانستان اور مفاہمتی اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا، اور کہا کہ سنجیدہ اور منظم کوششوں سے افغانستان میں انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے، افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہونے سے قبل اقدمات کرنا ہوں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے، آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کو جنوبی ایشاء میں پائیدار امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار بالخصوص بارڈر مینجمنٹ اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔