وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پائلٹ پروجیکٹ عالمی ادارہ صحت کے عین اصولوں پر شروع کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سوشل پروٹیکشن اسٹریٹجی یونٹ کے تحت ماں اور بچے کی مفت سہولیات کا پروگرام وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔
پروگرام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکریٹریز اور ایم پی ایزبڑی تعداد شریک ہونگے۔
اس کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پروگرام میں ماں اور بچے کو دوران حمل، زچگی اور پیدائش کے بعد مفت سہولیات کا افتتاح کریں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ پائلٹ پروجیکٹ پہلے مرحلے میں تھرپارکر اور عمرکوٹ اضلاع میں شروع کیا گیا ہے، اس پروگرام کو دیگر اضلاع میں بھی شروع کیا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ عالمی ادرہ صحت کے عین اصولوں پر شروع کیا جارہا ہے، یہ سہولیات ماں اور بچے کیلئے پہلے ایک ہزار دن تک ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ دوران حمل ماں کا مفت چیک اپ کے ساتھ 1000 روپیہ وظیفہ بھی دیا جائے گا، یہ پروگرام بچوں کی نشو نما اور ماں کی صحت کیلئے شروع کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک ہزار زندہ پیدا ہونے والے بچوں کی موت کی شرح 62 فیصد ہے، ایک لاکھ ماؤں میں سے دوران زچگی 189 مائیں انتقال کرجاتی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے ماں اور بچوں کیلئے سپورٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، زچگی کے شروع کے دنوں سے لیکر بچوں کی نشونما تک مکمل سہولیات دی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماں کے ہر چیک اپ پر ان کو 1000 روپیہ وظیفہ دیا جائے گا، یہ پروگرام بچے کی پیدائش سے پہلے کا چیک اپ، پیدائش، بچے کی نشونما اوربچے کی ویکسی نیشن تک جاری رہے گا۔