اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں نالائق اپوزیشن دی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا، اوورسیز پاکستانیوں میں عمران خان مقبول ہیں، آن لائن اور ای پاسپورٹ کا اعلان بہت جلد کریں گے۔
الیکشن میں پونے 2 سال رہ گئے ہیں، موجودہ حکومت 5 سال پورے کرے گی ، اپوزیشن صرف میڈیا میڈیا اور وڈیو وڈیو ہی کھیل رہی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اتنی نالائق اپوزیشن دی ہے، اپوزیشن سے ٹرین چھوٹ چکی ہے۔ انتخابات سے قبل تحریک تو کوئی عقل کا اندھا ہی چلا سکتا ہے، تحریک چلانے کا سب سے اچھا وقت تب تھا جب مولانا فضل الرحمن باہر آئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں، اگر میں اکیلا بھی پشاور میں جلسہ کروں تو بھی پی ڈی ایم سے بڑا کروں گا، پی ڈی ایم کے 3 اجلاس ہوچکے لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی، ابھی نندن کو بھارت میں ایسا ہی ایوارڈ ملا ہے جیسا پاکستان میں اپوزیشن کو مل رہا ہے۔
مہنگائی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پاکستان میں گندم اور چاول کی بہترین فصلیں ہوئی ہیں، چینی کی قیمت کم ہو گئی ہے، دال ، گھی اور آٹے کی قیمت کا مسئلہ ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا ہر آدمی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے، دشمن یہ بھول جائیں کہ وہ پاکستان کی سرحدوں کو چھیڑ سکتا ہے۔