اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ باتیں بہت ہوگئیں،اب عملی اقدامات اٹھا کر ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔آئندہ چند سالوں میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان منرل سمٹ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا۔
ہمارے معاشرے میں زہر گھولا گیا،وجوہات ہم سب کو معلوم ہیں۔نیب بھی لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا،کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ماہ ہماری حکومت کی مدت ختم ہو جائے گی اور ہم گھر جائیں گے،نئی نگران حکومت آئے گی۔ اتحاد،اتفاق اور یکجہتی کا فیصلہ کرنے تک ہم اپنی کاوشوں میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
پاکستان کی ترقی کے لئے تمام افسران مل کر کام کریں
انکا کہنا تھا کہ تھر کول دنیا میں کوئلے کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے،کرپشن بھی اس شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ گذشتہ 75 سال سے ہم نے اپنی دولت پر توجہ نہیں دی،ریکوڈک منصوبہ بھی ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ 70ء کی دہائی میں روس کے تعاون سے پاکستان اسٹیل کا قیام ہوا،آج معاشرہ تقسیم در تقسیم کا شکار ہے۔
پڑوسی ملک کو بھی سمجھنا ہو گا کہ سنجیدہ مسائل کے حل تک حالات تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ اپنی قوم کی ترقی چاہتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور خطے کی ترقی میں کردار ادا کرے گا،دوسرے مرحلے میں اسپیشل اکنامک زونز قائم ہوں گے۔
سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی،پاکستان اور چین فاصلوں کو سمیٹ رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ توانائی بحران کو ختم کرنے میں سی پیک نے اہم کردار ادا کیا،توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔