اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سیاسی قوتوں کو پاکستان دشمنوں کیخلاف متحد ہونے کا پیغام دے دیا،
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی جھگڑے بعد میں لڑلیں گے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گرد بہیمانہ کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف وہراس پھیلانا اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف عظیم قربانیوں سے حاصل ہونے والی ہماری کامیابیاں رائیگاں کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو میرا پیغام ہے کہ پاکستان دشمنوں کے خلاف متحد ہوں۔ ہم اپنے سیاسی جھگڑے بعد میں لڑلیں گے۔ قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ پشاور دھماکا میں ملوث حملہ آور ایک، دو دن سے پولیس لائنز میں ہی مقیم تھا۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے کا سہولت کار پولیس لائنز کے اندر کا آدمی تھا، حملہ آور ایک دو دن سے وہاں رہ رہا تھا، حملہ آور نے ریکی کی اور موقع دیکھ کر دھماکا کیا۔
کالعدم ٹی ٹی پی کو واپسی کی اجازت دینے کی تحقیقات کی جائیں، رضا ربانی
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پشاور نے بتایا کہ ہزار سے ڈیڑھ ہزار افراد پولیس لائنز میں رہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سیکیورٹی بریچ ہوئی ہے، پولیس کا خیال ہے کہ اندر کوئی شخص حملہ آور کے ساتھ رابطے میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد نے خود کو پہلی صف میں دھماکے سے اڑایا، مساجد میں نمازیوں پر حملے تو بھارت اور فلسطین میں بھی نہیں ہوتے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ لہر میں کراچی دہشتگردوں کا بڑا ٹارگٹ تھا، سوات کے نہتے لوگوں نے ان دہشت گردوں کو مسترد کیا۔خیال رہے پشاور خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 100 ہو گئی۔ ترجمان ایل آر ایچ کے مطابق ایل آر ایچ میں 53 زخمی زیر علاج ہیں۔ زیادہ تر زخمی افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تمام زخمی افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔7 زخمی آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق ہسپتال میں 157 زخمیوں کو لایا گیا تھا،زخمی افراد میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔