وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہارکیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے اشتراکی عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل زیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانویل میخواں سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ دلچسپی کے امور پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے موضوع پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئے عالمی مالیاتی معاہدے پر سربراہی اجلاس بلانے پر صدر ایمانویل میخواں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سربراہی اجلاس میں دعوت دینے اور پرتپاک میزبانی پر فرانسیسی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ زیراعظم شہباز شریف’’ نیوگلوبل فائنانسنگ پیکٹ’’ کے سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کےلئے فرانس میں موجود ہیں۔ ایمانویل میکرون کی صدارت میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں 50 سے زیادہ سربراہان مملکت شریک ہیں۔