سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو سندھ میں کینسر کے مفت علاج کے اسپتال دیکھ کر تکلیف تو ہوگی۔
وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم بے شک سندھ کو اپنا صوبہ نہ سمجھیں مگرسندھ پاکستان کا صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سندھ چند گھنٹوں کیلٸے نہیں چند دنوں کیلٸے آٸیں ، وزیراعظم خالی اور خیالی اعلانات کرنے کے بجاٸے عملی طور پر سندھ منصوبے دیں ، وزیراعظم کو سندھ میں کینسر کے مفت علاج کے اسپتال دیکھ کر تکلیف تو ہوگی۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم تھر جانے والی شاہراہ پر بھی سفر کریں جو پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے تعمیر کی ہے ، وزیراعظم این آٸی سی وی ڈی بھی دیکھیں جہاں پورے ملک کے عوام کا مفت علاج ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں ، جہاں وہ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
35.5 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی عوام خصوصاً اہلیان کراچی کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔
گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ کراچی کے مغربی اور وسطی اضلاع کے 135,000 مسافروں کو روزانہ سفر کرنے کے لیے جدید ترین سفری سہولت فراہم کرے گا۔
گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے میں 21 اسٹیشنز، ٹکٹنگ رومز، برقی زینے اور سیڑھیاں شامل ہیں جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بیک اپ جنریٹرزکی سہولت بھی موجود ہے۔