کراچی : وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں ہیں ، جہاں وہ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
35.5 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی عوام خصوصاً اہلیان کراچی کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔
گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ کراچی کے مغربی اور وسطی اضلاع کے 135,000 مسافروں کو روزانہ سفر کرنے کے لیے جدید ترین سفری سہولت فراہم کرے گا۔
گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے میں 21 اسٹیشنز، ٹکٹنگ رومز، برقی زینے اور سیڑھیاں شامل ہیں جبکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بیک اپ جنریٹرزکی سہولت بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ اس منصوبے کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی خصوصی دلچسپی پر وفاقی وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ذریعے تعمیر کروایا ہے۔