مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ساری پارٹیوں میں حاضری لگوانے والوں کے لیے پی ٹی آئی ”عارضی پناہ گاہ“ ہے قومی جماعت نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی یتیموں کی پناہ گائیں قومی جماعتیں نہیں کہلاتیں۔ قومی جماعتیں آرٹی ایس بٹھا کراقتدار میں نہیں آتیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ طرح طرح کے پیوند لگا کر”قومی جماعت“ نہیں بنائی جاتیں۔ سیاسی یتیموں کی پناہ گاہ کو قومی سیاسی جماعت کہنے کے لئے آپ کی جیسی ہی ڈھٹائی اور بے شرمی درکار ہے۔
انھوں نے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مذید کہا کہ ” پرچیوں“،” سفارش“،” بھرتی کوٹے“ سے فیض یاب ہونے والے کچھ عرصے بعد بے روزگار اور سیاسی یتیم بن کر در بدر ہورہے ہوں گے۔