لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار اور نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے نواب بہاول عباسی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نواب بہاول عباسی کی پی ٹی آئی میں شمولیت خوش آئند ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف آج بھی پاکستان کی مضبوط ترین جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور پی ٹی آئی کا مضبوط گڑھ ہے، نواب بہاول عباسی کی شمولیت سے بہاولپور میں تحریک انصاف مزید مضبوط ہوگی، نیا پاکستان قومی صحت کارڈ سے بہاولپور کے لاکھوں شہریوں کو مفت علاج کی سہولت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پر عزم ہے، ڈویلپمنٹ پروگرام میں جنوبی پنجاب اورکم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، پاکستان تحریک انصاف ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کا عہد نبھائیں گے۔