اسلام آباد : اسلام آباد اور لاہور میں اومیکرون کے کیسزکی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے میں اومیکرون کے 95 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،جس کے بعد اومیکرون کیسز کی کل تعداد 306 ہوگئی۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپیل کی کہ شہری ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسی نیشن کرائیں اور وبا کا پھیلاؤ روکنےکیلئے ایس اوپیزپرعملدرآمد کریں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں اومیکرون کے 20 نئےکیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اومیکرون کے کیسز کی تعداد 308 ہوگئی۔
محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ لاہور میں کورونا کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔
کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، اسد عمر
اسد عمر کا کہنا ہےکہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، وبا میں ایک بار پھراضافہ ہورہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام سےاپیل ہے ویکسینیشن کرائیں،آپ کی عمر30 سال سے زائد ہے تو بوسٹرڈوزلگوائیں۔
سربراہ این سی اوسی نے کہاکہ عوام وبا سے بچاؤ کےلئے ہر ممکن طور پراحتیاطی تدابیرپرعمل کریں۔
انہوں نے کہاکہ کوروناکےخلاف ایک قوم بن کرکام کیا، این سی اوسی نےقوم کی بہتری کیلئےکام کیا، این سی اوسی کی ساری ٹیم بہترین کام کررہی ہے۔
وفاقی وزیراسدعمر کا مزید کہنا تھاکہ این سی اوسی کی ٹیم کےساتھ کام کرناباعث فخرہے،این سی اوسی نے وہ کام کردکھایا جس کا سوچ نہیں سکتےتھے۔
ملک بھر میں کورونا کی شدت میں اضافہ
این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 972 ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 5 ہزار 707 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 649 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 91، سندھ میں 4 لاکھ 87 ہزار 668، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 757، بلوچستان میں 33 ہزار 659، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 432، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 396 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 704 کیسز رپورٹ ہوئے۔