پاکستان کے معروف میزبان، ہدایتکار و اداکار ساحر لودھی کا دعویٰ ہے کہ جہاں وہ ہوتے ہیں ریٹنگز وہیں آتی ہے، مارننگ شوز کچھ نہیں ہوتے تمام شوز برابر ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ساحر لودھی نے اینکر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز کے درمیان مارننگ شوز اور ریٹنگ کی جنگ سے متعلق بات کی۔
ٹی وی اینکر کا کہنا ہے کہ مارننگ شوز کچھ الگ نہیں، بس وہ صبح نشر کئے جاتے ہیں اس لئے اِنہیں مارننگ شو کا نام دیدیا گیا، یہ ہماری بنائی ہوئی باتیں ہیں، مارننگ شوز ہو، ایوننگ یا نائٹ تمام شوز برابر ہیں۔
انہوں نے بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ یہ نظریہ بھی غلط ہے کہ مارننگ شوز صرف خواتین ہی دیکھتی ہیں، ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
ساحر لودھی نے انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ میں کبھی ریٹنگ کی جنگ میں نہیں پڑا، میرا بس ایک ماننا ہے کہ جہاں میں ہوتا ہوں رینٹنگز وہیں آتی ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ مجھے اس لئے دیکھتے ہیں کہ وہ مجھ سے نفرت کرتے ہیں، کچھ اس لئے دیکھتے ہیں کہ وہ مجھ سے بہت زیادہ نفرت کرتے ہیں اور بہت سارے لوگ مجھے اس لئے دیکھتے ہیں کہ وہ واقعی میں مجھ سے پیار کرتے ہیں۔
ساحر لودھی نے ویڈیو کلپ کے اختتام میں ایک قول بھی پڑھا کہ ’’جب آپ کے دشمن بڑھنے لگیں تو سمجھ جاؤ کہ آپ ترقی کررہے ہو‘‘۔