ایبٹ آباد :سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے خود زمان پارک کے بنکر میں بیٹھ گیا،جلسہ کرنے راولپنڈی چلا جاتا ہے اور عدالت طلب کرے تو پلاسٹر لگا لیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ایبٹ آباد تنظیمی کنونشن میں عمران خان پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس شخص کا نام بھی نہیں لینا چاہتی،عمران خان اور اسکے حوایوں کو دیوار پر لکھا انجام صاف نظر آ رہا ہے،تمہیں پلاسٹر نہیں جرائم عدالت جانے سے روکتے ہیں،آپ کا دامن صاف ہے تو وہیل چیئر پر عدالت چلے جانا چاہیے۔
اب آپ کے سہولت کار نہیں جو آپ کو بچائیں گے،آج عمران خان کو مہنگائی یاد آرہی ہے،آج کس مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں حالانکہ یہ مہنگائی ان کی وجہ سے ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کل ٹی وی پر کہہ رہے تھے نواز شریف کے ناانصافی ہوئی،نواز شریف کو جنہوں نے نکالا اس گروہ کا سرغنہ آپ کی جماعت کا سربراہ ہے۔کون کون اس سازش میں شامل تھا،قوم کو بتانا پڑے گا،صرف اعتراف جرم کافی نہیں اپنے لیے سزا بھی تجویز کریں۔
جڑواں شہروں میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
اس قوم کا کیا قصور ہے جس پر یہ ذہنی مریض لا کر مسلط کیا گیا،خیبرپختونخوا کو وسائل کی ضرورت نہیں بلکہ صوبے کو اس وقت نوازشریف کی ضرورت ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میری آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبر پختونخوا میں کوئی منصوبہ نظر نہیں آیا،بلین ٹری منصوبے کا نام سن سن کے ہمارے کان پک گئے،10 سال میں یہاں کے لوگوں کو ان کا حق نہیں ملا۔جو کہتا تھا کہ میں پشاور کو لاہور بناؤں گا اس نے لاہور کو بھی پشاور بنا دیا،کہتے تھے 300 ڈیم بناؤں گا لیکن پورے پاکستان کو ڈیم فول بنا کر چلتا بنا۔
سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا،ایک ہزار نوکریاں ہی دکھا دو،پشاور دھماکے کے قصور وار وہ ہیں جو 10 سال حکومت کرتے رہے۔خیبر پختونخوا کے وسائل کو آپ بے دردی سے استعمال کرتے رہے،2022 اور 2023 کا موازنہ نہیں ہو گا۔