وزیرماحولیات سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت تین ماہ میں 22 روپے 52 پیسے بڑھانے کے بعد 5 روپے کا ریلیف دینا قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
اسماعیل راہونے اپنے بیان میں کہا کہ اوگرا نے حکومت کو پیٹرول 10 سے11 روپے فی لیٹرسستا کرنے کی سفارش کی تھی،اس لیے 5 روپے نہیں بلکہ 15روپے تک فی لیٹر کمی کرنی چاہیے تھی۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ منّی بجٹ سے پہلے پیٹرول 5 روپے سستا کرکے عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنایا گیا ہے، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہو تو وزرا پاکستان میں مہنگا پیٹرول دینےکے لیے “قوم پرمشکل وقت” کا بھاشن دیتے ہیں۔
اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ یہ نالائق حکومت پھر ساری وصولی منی بجٹ میں ٹیکسز کے ذریعے عوام سے کرے گی، ریاست مدینہ کانعرہ لگانے والوں کی حکومت میں عوام کو ریلیف دینا شامل ہی نہیں ہے۔