پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود پاکستانی روپیہ مسلسل گر رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی روپے کی بے قدری پر ٹوئٹ کیا ہے جس میں موجودہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امریکی سازش کے تحت عدم اعتماد کی تحریک کے وقت ڈالر 178 روپے کا تھا، لیکن اب آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود روپیہ مسلسل گر رہا ہے اور ڈالر آج 224 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ معاشی بدحالی شریفوں کی معیشت یا انتظامیہ چلانے کی ناتجربہ کاری ظاہر کرتی ہے۔ ان کا تجربہ صرف لوٹ مار، منی لانڈرنگ اور این آر او حاصل کرنے میں ہے۔
سابق وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ رجیم چینج اور پاکستان کو اس صورتحال تک پہنچانےوالوں کا قوم احتساب کرے گی۔