رہنماء تحریک انصاف شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی، اسلام آباد کی عدالت نے سابق وزیراعظم کے چیف آف اسٹاف کو فوری گرفتار کرنے اور نادرا کو ان کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماء شہباز گِل کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے ایف آئی اے کو شہباز گِل کو فوراً گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، جج نے کہا کہ شہباز گِل پاکستان میں جس بھی ایئرپورٹ پر نظر آئیں انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
جج طاہر عباس سِپرا نے چیئرمین نادرا کو شہباز گِل کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا بھی حکم دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ شہبازگِل جان بوجھ کر کیس کے ٹرائل کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، ان کی اسلام آباد اور فیصل آباد رہائشگاہ کے باہر اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کیا جائے۔
عدالت نے ڈی سی فیصل آباد اور اسلام آباد کوشہباز گِل کی تمام پراپرٹیز کی رپورٹ 30 دن میں جمع کروانے کا حکم بھی دیدیا جبکہ اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے اور دیگر رپورٹس 26 جولائی کو طلب کرلیں۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے پی ٹی آئی رہنماء شہباز گِل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی۔