اسلام آباد : پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شہباز شریف نے ای وی ایم کو شیطانی مشین قراردیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ حکومت کالے قانون پاس کروانا چاہتی ہے۔ آج تمام ارکان پارلیمنٹ کا امتحان ہے۔ کالے قانون پاس کرانے کی اجازت یہ ایوان نہیں دے گا۔
انھوں نے اپنےاظہارِ خیال میں کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت اقتدار کو طول دینے کیلئے ای وی ایم کا سہارا لے رہی ہے۔ کالے قانون پاس کرانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام ارکان سے بڑھ کر ذمے داری اسپیکر قومی اسمبلی کی ہے۔ جو فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انھیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔
شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب اسپیکر! میں نے آپ کے خط کا جواب دیا لیکن آپ نے مجھے کوئی جواب نہیں دیا۔
ایوان میں اسپیکرکی جانب سے شہبازشریف کے خط کا جواب نہ دینے پراپوزیشن ارکان نے شیم شیم کے نعرے لگائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر کو کہا کہ کوئی کام قانون اورآئین کے خلاف نہیں کروں گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کچھ روز پہلے بھی مشترکہ اجلاس بلایا لیکن مؤخرکردیا گیا۔ حکومت کو عشائیے پر پتا چلا کہ ان کے ممبرز پورے نہیں ہیں۔
انھوں نے مذید کہا کہ اپوزیشن کو کہا گیا کہ آپ سے مشاورت کریں گے،اس کے بعد ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔ یہ صرف اس لیے کیا گیا کہ اتحادیوں کو منایا جائے۔ حکومت کا دوردور تک اپوزیشن سے مشاورت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام اشیا کی چیزیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں ایسا بدترین دور نہیں دیکھا۔