اسلام آباد: عام انتخابات میں فوج تعیناتی کی سمری تیار کر لی گئی۔ وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں فوج تعیناتی کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی۔
صوبوں کی جانب سے الیکشن میں سیکیورٹی کے لیے پاک فوج کی معاونت مانگی گئی تھی۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد فوج تعینات کی جائے گی۔
عام انتخابات میں پولنگ سٹیشن پر پاک فوج و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکریڑی داخلہ افتاب اکبر درانی کو مراسلہ لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کی بطور اسٹیٹک اور کوئیک رسپانس فورس تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن میں ملک بھر میں 5 لاکھ 91 ہزار 106 اہلکاروں کی ضرورت ہے، اس وقت ملک بھر میں اس وقت 3 لاکھ 28 ہزار 510 اہلکار دستیاب ہیں جبکہ ملک میں اس وقت 2 لاکھ 77 ہزار 558 اہلکاروں کی کمی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں اس وقت ساڑھے 4 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جبکہ اس وقت 9 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، 7 دسمبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے کنفرمیشن دی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں 2لاکھ 77 ہزار 610اہلکاروں کی ضرورت ہے،اس وقت ایک لاکھ 8ہزار 500 پولیس اہلکار دستیاب ہیں جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار 110 اہلکاروں کی کمی ہے ۔
احسن اقبال کا جاوید ہاشمی کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمایت کرنے پر ردِعمل
مراسلے کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 1500 اور رینجرز کے 1500 اہلکاراور آزاد کشمیر پولیس کے 1500اہلکاروں کی ضرورت ہے۔خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 49 ہزار 77 اہلکاروں کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا کے پاس اس وقت 92 ہزار 360 اہلکار موجود ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کو 56 ہزار 717 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
جاری مراسلے کے مطابق سندھ میں اس وقت ایک لاکھ 23 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، سندھ کے پاس اس وقت ایک لاکھ 5 ہزار پولیس اہلکار موجود ہیں جبکہ سندھ میں اس وقت 33 ہزار 462 اہلکاروں کی کمی ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں اس وقت 31 ہزار 919 اہلکاروں کی ضرورت ہے،، بلوچستان میں 18 ہزار 150 اہلکار دستیاب ہیں جبکہ بلوچستان میں اس وقت 13 ہزار 769 اہلکاروں کی ضرورت ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق اہلکاروں کی کمی کو پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے ذریعے پورا کیا جائے، ملک میں امن و امان کی نازک صورتحال کے پیش نظر پاکستان آرمی اور سول آرمڈ فورسز کو پولنگ اسٹیشن پر اسٹیٹک موڈ تعیناتی کے لیے ریکوزیشن کیا جائے۔