اسلام آباد : ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانے کا کیس،تحریک انصاف نے پی ڈی ایم کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی رپورٹ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے،تحریک انصاف نے متفرق درخواست کے ذریعے مذاکرات بارے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 3 ادوار ہوئے،مذاکرات میں ہر ممکن تک لچک دکھائی۔ متفرق درخواست میں گزشتہ روز مذاکرات سے متعلق پیشرفت کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے حکومت اور پی ٹی آئی کی تجویز کردہ تاریخیں سامنے آ گئیں۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومتی وفد نے پی ٹی آئی وفد کو 15 سمتبر کو ملک بھر میں انتخابات کرانے کی تجویز دے دی جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 15 جولائی کو ملک بھر میں انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی۔
الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو انتخابات کے حکم پر نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ
پی ٹی آئی نے 14 مئی سے قبل اسمبلیوں کی تحلیل کی تجویز دی۔ حکومتی اتحاد نے 15 جولائی کو اسمبلیوں کی تحلیل کی تجویز دی۔فریقین نے تاریخوں اور اسمبلیوں کی تحلیل پر قائدین سے مشاورت کے لیے وقت مانگا۔
حکومتی اتحاد نے معاشی صورتحال نگران سیٹ اپ پر نہ ڈالنے کی تجویز دی۔اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔مزید مذاکرات سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد ہو سکتے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی حکومت نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا بجٹ سے پہلے اسمبلیاں تحلیل نہیں کر سکتے،پی ٹی آئی نے بجٹ پیش کرنے کی شرط پر نیم رضامندی ظاہر کر دی،اجلاس میں اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ پر اتفاق نہ ہونے پر مذاکرات میں تعطل آیا۔