اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر عمل درآمد کے لیے تین کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن نےالیکٹرونک ووٹنگ مشین پرکام شروع کردیا، جس کے تحت پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے ای وی ایم اورانٹرنیٹ ووٹنگ کے قانون پر عمل درآمدکیلئے3کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تکنیکی کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری الیکشن کمیشن کریں گے، مذکورہ کمیٹی ای وی ایم اور اوورسیز ووٹنگ کے استعمال کاجائزہ لےکر آئندہ ضروریات اور تیاری کی نشاندہی کرے گی۔
دوسری کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کریں گے ، یہ کمیٹی ای وی ایم اورانٹرنیٹ ووٹنگ پر آنے والے اخراجات کا تخمینہ لگائے گی، کمیٹی مشینوں کے پائلٹ تجربے اور استعمال کیلیے میکنزم بنائےگی۔
علاوہ ازیں تیسری کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل قانون کریں گے، یہ کمیٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے موجود ہ قوانین اور رولز میں ترامیم کے حوالے سے تجاویز پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی قانون میں ترمیم کر کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے قانونی استعمال کا بل پیش کیا، جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔