جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ امارت اسلامی کی جدوجہد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے افغان وزیر تعلیم ملا عبد الباقی حقانی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری ، پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود ،ایم پی اے اصغر ترین، مفتی ابرار احمد اور مولانا عبدالمجید ہزاروی بھی موجود تھے جبکہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امارت اسلامی کی جدوجہد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئی، عالمی دنیا امارت اسلامی کی حکومت قبول کرے اور ان کی ہر ممکن امداد کرے۔
افغان وزیر تعلیم نے جے یو آئی سربراہ کی جانب سے امارت اسلامی کی حکومت کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی نے کئی علاقوں میں اپ سیٹ فتح حاصل کی ہے، پشاور سمیت کئی بڑے شہروں کی میئر شپ جے یو آئی نے اپنے نام کرلی ہے۔