پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ رمیش کمار کی جانب سے یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے تیاریاں جاری ہیں اور سندھ ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے 24 کے قریب ایم این اے بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کماربھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ یہاں 24 ایم این ایز موجود ہیں، پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے باعث وہ لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
سندھ ہاؤس اسلام آباد میں 24 ایم این ایز موجود ہیں، ترین گروپ کے راجہ ریاض کا انکشاف
سندھ ہاؤس میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام بھی سامنے آگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہاؤس میں موجود ارکان قومی اسمبلی کی فہرست ایک قومی ادارے کی جانب سے پیش کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ نورعالم خان، ریاض مزاری، باسط بخاری، احمد حسن ڈیہڑ، نزہت پٹھان اور وجیہہ اکرم بھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ارکان کے علاوہ بھی پی ٹی آئی کے کئی لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔