پشاور: چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کل پاکستان میں پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا رمضان المبارک کے چاند کی رویت کیلیے اجلاس پشاور میں ہوا۔ رمضان المبارک 1445 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت مرکزی اجلاس 11 مارچ بروز پیر بمطابق 29 شعبان بعد نماز عصر پشاور میں ہوا۔
اس کے علاوہ دیگر زونل و ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد کیے گئے۔ ملک میں سب سے پہلے لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد دیگر شہروں سے بھی چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آ گیا، لہذا کل 12 مارچ بروز منگل کو ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا۔ واضح رہے کہ آج بروز پیر 11 مارچ کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں رمضان المبارک 2024 کا پہلا روزہ تھا، ان ممالک میں گزشتہ روز ماہ مبارک کا چاند نظر آ گیا تھا۔
دوسری جانب رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل کے جنرل سیکریٹری مفتی خالد اعجاز نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ 11مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہے لہٰذا امکان ہے کہ پہلا روزہ منگل 12مارچ 2024 کو ہو گا۔
صدر مملکت آصف زرداری کو منصب سنبھالنے پر گارڈ آف آنر پیش کردیاگیا
مفتی خالد نے کہا کہ نیا چاند 10 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 2 بجے پیدا ہو گا اور رویتِ ہلال کے لیے چاند کی عمر 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ29 شعبان المعظم یعنی پیر 11 مارچ کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 28 گھنٹوں سے زائد ہو گی۔
چاند کی رویت کے حوالے سے مزید تفصیل بتاتے ہوئے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے اور کراچی میں یہ فرق 73منٹ، جیوانی میں 74 منٹ، لاہور اور کوئٹہ میں 76 منٹ، اسلام آباد میں 77 منٹ، پشاور، چارسدہ اور مظفر آباد میں 78 منٹ جبکہ گلگت میں 79 منٹ ہو گا۔