اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے اسلام آباد کی نشست پر مجموعی طور پر 301 ممبران اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا،
جن میں سے حکمران اتحاد کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ حاصل کرکے اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے، ان کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ اسنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان کے ساتھ تھا۔
بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پرضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی، ووٹنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا، اس دوران اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 جنرل نشستوں پر الیکشن ہوئے،
سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہوا، جہاں تینوں ایوان کے ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا، سینیٹ کی یہ نشستیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔
شیر افضل مروت کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی
معلوم ہوا ہے کہ وفاق کی نشست پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ریٹرننگ آفسر تھے، سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کےامیدوار سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی تھی جب کہ سندھ میں سینیٹ کی دو نشستیں پیپلزپارٹی کے مہتاب ڈہر اور نثار کھوڑو کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئیں،
سندھ اسمبلی کو سینیٹ کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشن بنایا گیا جہاں پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے 4 امیدوار میدان میں تھے، پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل امیدوار تھیں، اسی طرح بلوچستان سے سینیٹ کی3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 9 امیدوار میدان میں تھے۔