0اینٹی کرپشن پنجاب نے فرح گوگی، عثمان بزدار، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیٹے ابراہیم مانیکا اور بیورو کریسی افسران سمیت 9 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور فرح گوگی سمیت 9 افراد کیخلاف 45 کروڑ روپے کی رشوت وصولی کے ثبوت مل گئے۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سابق خاتون اول کی دوست فرح گوگی، بشریٰ بی بی کے بیٹے ابراہیم مانیکا اور اہم بیورو کریٹس سمیت 9 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سورس رپورٹ پر درج مقدمے کے مطابق عثمان بزدار دور میں فرح گوگی کی ہدایت پر اعلیٰ افسران کے تقرر و تبادلے ہوتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق سینئر بیوروکریٹس طاہر خورشید عرف ٹی کے، احمد عزیز، صالحہ سعید، عثمان معظم، سہیل خواجہ سمیت دیگر افسران مبینہ طور پر من پسند پوسٹ والے افسران سے رشوت کی رقم لے کر خود فرح گوگی کے گھر پہنچاتے۔
فرح گوگی مبینہ طور پر اپنے منیجر احمد منصور اور پرسنل اسسٹنٹ آصف کے ذریعے رشوت کی رقم ذاتی بینک اکاؤنٹس میں جمع کرواتیں۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کا بیٹا ابراہیم مانیکا باقاعدگی سے آتا اور مبینہ طور پر اپنا حصہ کیش کی صورت میں لے جاتا۔
مقدمے کے مطابق مجموعی طور پر 9 افراد نے کرپشن کے ذریعے اربوں روپے وصول کرکے جرم کا ارتکاب کیا، تمام کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔