اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کالعدم تنظیم کے لیڈر گلزار امام شمبے کو گرفتاری کرنے پر آئی ایس آئی کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کالعدم تنظیم کے لیڈر گلزار امام شمبے کو گرفتار کرنے پر مبارکباد۔ امن و امان کی بحالی کیلئے سکیورٹی فورسز کی خدمات قابل ستائش ہیں.ڈی جی آئی ایس آئی انٹیلی جنس آپریشنز بہترین انداز سے سرانجام دے رہے ہیں.بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے جاری آپریشنز قابل تعریف ہیں۔
ڈی جی آئی ایس آئی بہترین کارکردگی پر خصوصی ستائش کے مستحق ہیں۔ اس سے قبل وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو اور دیگر نے پریس کانفرنس کی،اس موقع پر کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سابق رہنما گلزار شمبے کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
گلزار شمبے نے کہا کہ میں نے جس راستے کا انتخاب کیا وہ درست نہیں تھا،ریاستی اداروں کو بلوچستان کے مسائل کا ادارک ہے،امید کرتا ہوں کہ ریاست ماں کا کردار ادا کر کے اصلاح کا موقعہ دے گی۔
کالعدم تنظیم کے سابق رہنما کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا
بلوچ طالب علم لڑائی جھگڑوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں،بلوچستان پیچھے رہ گیا اور سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ سیاسی اور آئینی طریقے سے ممکن ہے،بات چیت اور منطق سے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔دنیا کا اصول ہے جہاں جنگ ہوتی ہے وہاں ملکی مفادات پہلے ہوتے ہیں،جہاں تک انڈر ٹرائل کی بات ہے میں قانونی تقاضے پورے کرنے کی کوشش کروں گا۔
گلزار شمبے نے مزید کہا کہ بات چیت کیلئے رابطے کی کوشش کروں گا،دوستوں سے رابطہ کروں گا کہ واپسی کا راستہ اپنائیں۔بے روز گاری بھی بلوچستان کا بڑا مسئلہ ہے،بلوچستان میں وسائل اور فنڈز کا ٹھیک استعمال نہیں ہو رہا۔ جبکہ وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا کہ بات چیت بہترین حل ہے۔جن کو حقوق نہیں ملتے ہم ان کے ساتھ ہیں،ریاست اور اداروں کے ساتھ کھیلیں گے تو رحم کا کوئی آپشن نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سکیورٹی فورسز نے گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا تھا،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا گیا،انٹیلی جنس اداروں نے مسلسل انتھک کاوشوں سے گلزار امام کو بلوچستان سے گرفتار کیا۔