رسالپور : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،معیشت کو ٹریک پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ اکیڈمی اصغر خان میں کیڈٹس کی گریجویشن پریڈ منعقد ہوئی،وزیراعظم شہباز شریف نے پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ مادر وطن کے دفاع کیلئے پر عزم ہے،پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی کا ثبوت فروری 2019 میں بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہے،پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،امید ہے کہ مسلح افواج قوم کی امنگوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے رہی گی۔
انکا کہنا تھا کہ حالیہ چیلنجز کی وجہ سے خطے اور دنیا میں بحرانوں کا سامنا ہے،عالمی سطح پر معاشی بحرانوں سے اپنے لوگوں کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔
حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں،عمران خان
معیشت کو ٹریک پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،امید ہے ہم اپنی معیشت کی بحالی میں کامیاب ہوں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،جنوبی ایشیا میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج پاکستان شدید مشکلات سے دوچار ہے،یہ مشکلات میرے اور ارکان قومی اسمبلی کی وجہ سے نہیں ہے۔
2018 میں پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی تھی مگر اس کے بعد جھرلو الیکشن ہوئے۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ 2018 کے الیکشن میں کس طرح آر ٹی ایس کو بند کرایا گیا،دوبارہ گنتی کی درخواست پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے گنتی نہ کرانے کا حکم دے دیا،دیہات سے نتائج چند گھنٹے اور شہروں کے نتائج ہفتوں التوا کا شکار رہے تھے۔