بھونیشور: جونئر ہاکی ورلڈ کپ میں کل پاکستان اور مصر کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
جونئر ہاکی ورلڈ کپ بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری ہے جس میں پاکستان جونئر ہاکی ٹیم کل مورخہ 27 نومبر اپنا دوسرا میچ مصر کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کھیلا جائے گا جبکہ اس میچ کو جیتنے کے لیے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم اسکواڈ پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ جونئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا پہلا مقابلہ جرمنی سے ہوا جس میں جرمنی نے پاکستان کو 5 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی تھی۔
جرمنی کی جانب سے اسٹروتھ آف، سیج برگ، شوارزہاٹ نے ایک اور شوارزہاٹ نے دو گول کئے جبکہ پاکستان کی جانب سے عبدالحنان اور حماد انجم نے گول ایک ایک گول سکور کئے۔
پاکستان کی جانب سے دونوں فیلڈ گول اسکور کیے گئے جبکہ جرمنی نے چار فیلڈ گول اور ایک پینلٹی کارنر پر گول اسکور کیا ہے۔
واضح رہے کہ جونئر ہاکی ورلڈ کپ انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں 24 نومبر تا 5 دسمبر تک کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم سمیت 16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جنہیں 4 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو پول ڈی میں رکھا گیا ہے جس میں ارجنٹائن، مصر اور جرمنی کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ جونئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری پول میچ 28 نومبر کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔