لندن: سابق لیجنڈری اسپیڈ اسٹار اور صدر کراچی کنگز وسیم اکرم کی بولنگ کا سحر آج بھی برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں آنجہانی شین وارن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے چیریٹی میچ کا اہتمام کیا گیا، وسیم اکرم کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے عظیم کھلاڑی برائن لارا، انگلینڈ کی سابق خواتین کپتان شارلٹ ایڈورڈز، این بیل، مونٹی پنیسر، مائیکل اتھرٹن، نیل جانسن، کمنٹیٹر مارک نکولس اس چیریٹی میچ میں شریک ہوئے، دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کلائیو لائیڈ نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے۔
سوئنگ کےسلطان نے اس وقت شائقین کو حیران کیا جب انہوں نے ان سوئنگ ڈیلیوری پر انگلش ٹیم کے سابق بلےباز مائیکل ایتھرٹن کو کلین بولڈ کیا، وسیم اکرم نے چار اوورز میں تین شکار کیئے اور شائقین سے خوب داد وصول کی۔
اس سے قبل بلے بازی میں بھی وسیم نے خوب رنگ جمایا اور 20 گیندوں پر نصف سینچری جڑ ڈالی، لیجند کی آل راؤنڈر کارکردگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جسے صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔