لاہور: لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر آپریشنز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کا کپتان کون ہوگا؟ اس کے لیے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔
لاہور کے ایک پروگرام میں پریس میں بات کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر آپریشنز عاقب جاوید نے پاکستان سپرلیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے کپتان کی تبدیلی کو قبل ازوقت قرار دے دیا ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی کپتان کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ ابھی ہم نے شاہین شاہ آفریدی یا کسی اور کو کپتان بنانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن اس پر سوچ وبچار جاری ہے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں کپتان وہ ہونا چاہیے جو ٹیم کو مزید اوپر لے جاسکے۔ فاسٹ بولرز زیادہ عمدہ کپتانی کرسکتے ہیں اور بیٹسمین بھی اچھی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن عمران خان کی طرح تیز بولر زیادہ کامیابی کے ساتھ ٹیم کو کنٹرول کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر منسوخ
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کپتانی کے حوالے سے اعلان لیگ کے آغاز کے قریب کیا جائے گا جبکہ اس موقع پر انہوں نے بورڈ میں عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی کوچنگ میں دل چسپی اور پاکستان کرکٹ بورڈ میں جاب کرنے کی اطلاعات کو بھی من گھڑت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں لیکن کوالیفاٰئیڈ لوگوں کو ہی میرٹ پر موقع ملنا چاہیے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ زندگی میں کسی سے نوکری نہیں مانگی۔ اپنی مرضی اور پلاننگ کے مطابق کام کرنے کا عادی ہوں اور لاہور قلندرز پاکستان کرکٹ کو نئے کھلاڑی دینے کے لیے ڈویلپمنٹ کا کام زبردست طریقہ سے انجام دے رہی ہے، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف، دلبر حسین کی شکل میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس پوری دنیا دیکھ سکتی ہے۔