عالمی شہرت کی حامل سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں بول پڑیں۔
ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’غزہ میں وزارت تعلیم نے سرکاری طور پر تعلیمی سال ختم کرنے کا اعلان کردیا کیونکہ اسرائیلی بمباری سے تمام طلبا جاں بحق ہوگئے۔‘
ثانیہ مرزا نے مزید کہاکہ ’اسرائیل کی بمباری سے پوری نسل ختم ہوگئی اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے لیکن دنیا خاموشی سے یہ نسل کشی دیکھ رہی ہے۔‘
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ہر 10 منٹ میں 1 بچہ شہید ہو رہا ہے۔
یونیسیف کے مطابق غزہ میں ہر روز 420 سے زائد بچے اسرائیلی بمباری سے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں۔
رواں سال 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی فورسز کے حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہو گئی ہے جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہداء میں 73 فیصد بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد شامل ہیں۔