نیویارک: سردی کے موسم میں تقریبات میں جائیں تو مردوں نے بھاری بھرکم کوٹ اور جیکٹس وغیرہ پہن رکھی ہوتی ہیں جبکہ خواتین ایسے میں بھی سردی کا کم اور اپنے فیشن کا زیادہ خیال کرتی ہیں اور ایسے ملبوسات پہنے نظر آتی ہیں جیسے انہیں سردی لگتی ہی نہ ہو۔
اب ماہرین نے بھی اس حوالے سے ایک دلچسپ انکشاف کر دیا ہے۔ دی سن کے مطابق رواں سال اگست میں برٹش جرنل آف سائیکالوجی میں ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع ہوئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ خواتین کو واقعی مردوں کی نسبت کم سردی لگتی ہے اور اس کا تعلق نفسیات سے ہوتا ہے۔
اس تحقیقاتی ٹیم کی ایک رکن روزینی فیلنگ نے اب اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اس حوالے سے بتایا ہے کہ خواتین کے لیے سردی لگنے سے زیادہ یہ بات اہم ہوتی ہے کہ وہ کتنی خوبصورت نظر آتی ہیں۔
ہماری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جب ہم کسی ایک چیز پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں اور اسے اولین ترجیح بنا لیتے ہیں تو ہمارے جسم کی دیگر انتہائی ضرورتیں بھی پس پشت چلی جاتی ہیں۔
یہی صورتحال خواتین اور انہیں سردی کم لگنے کے معاملے میں ہوتی ہیں۔ خواتین کے لیے پہلی ترجیح خوبصورت نظر آنا ہوتا ہے، وہ کتنی بھوکی ہیں اور انہی کتنی سردی لگتی ہے وغیرہ جیسی باتیں ان کے لیے ثانوی حیثیت رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کو سردی کم محسوس ہوتی ہے۔