فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے دو کار سوار مبینہ مشکوک افراد کو ہلاک کردیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گزشتہ شب وسطی پیرس کے علاقے میں پولیس اہلکاروں نے ایک تیز رفتار کار پر فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا۔
فرانسیسی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں کو اپنی کار تلے روندنے کی کوشش کی تھی جبکہ وہ کار کو ٹریفک کی مخالف سمت چلا رہا تھا۔
فرانسیسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مخالف سمت سے آنے والی کار کے ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا مگر اُس نے پولیس کے اشارے کو نظرانداز کرتے ہوئے کار نہیں روکی جس پر پولیس اہلکاروں نے مجبور ہو کر فائرنگ کر دی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کار کی پچھلی نشست پر بیٹھا ہوا ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فرانسیسی پولیس کے نگران حکام واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔