گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قیمت ریکارڈ بلند ترین سطح پر دیکھی گئی۔
21 مارچ سے 25 مارچ تک کے کاروباری ہفتے کے دوران بھی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں پاکستانی کرنسی کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 20 پیسے کا اضافہ ہوا اور اس 181 روپے 78 پیسے پر بند ہوا ۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ ایک روپے 30 پیسے بڑھ 183 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
ڈالر کی طرح برطانوی پاؤنڈ کی پرواز بھی اونچی رہی، انٹر بینک میں ایک پاؤنڈ کی قیمت 2 روپے 70 پیسے بڑھ کر 239روپے 89 پیسے ہوگئی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 3روپے بڑھ کر 240 روپے 50 پیسے ہوگئی۔
ڈالر اور پاؤنڈ کی طرح کئی یورپی ممالک کی مشترکہ کرنسی ’یورو‘ بھی روپے کے مقابلے میں مزید تگڑی ہوگئی۔
25 مارچ کو ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران انٹر بینک میں یورو کی قدر ایک روپے 69 پیسے اضافے کے ساتھ 200 روپے 47 پیسے ہوگئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر ایک روپیہ بڑھ کر 201 روپے ہوگئی۔
اسی طرح گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں سعودی ریال کی قدر 33پیسے بڑھ کر 48 روپے 46 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 75 پیسے بڑھ کر 48 روپے 75 پیسے ہوگئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور مہنگائی بڑھنے جیسے معاشی چیلینجز مارکیٹ پر اثرانداز رہے، بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر میں کمی سے ڈالر کی رسد کم رہی، جو ڈالر کی اونچی اڑان کا باعث رہی، اس کے علاوہ خام تیل کی قیمت میں دوبارہ اضافے سے ڈالر کی قدر مضبوط ہوئی۔