سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع لکی مروت کے علاقے سیمو وانڈا میں کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران فوج کے اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا، جس سے سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی دہشت گرد سیکیورتی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں انتہائی سرگرمی سے ملوث تھے۔
پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کو گرفتار کر لیا گیا
کارروائی کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، آلات اور دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شہریوں نے اس کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے غریوم میں کارروائی کرکے انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ ایک جوان جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ 14 اکتوبر کو بھی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا اہلکار شہید ہوگیا تھا جبکہ 6 دہشت گرد ہلاک اور8 زخمی ہوگئے تھے۔