لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، ہم اندھیروں میں نہیں اجالوں میں جلسے کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف جاتی عمرہ نہیں جائیں گے بلکہ ائیر پورٹ سے سیدھا جلسہ گاہ اپنی عوام سے ملنے آئیں گے، مریم نواز اور حمزہ شہباز 3 بجے پنڈال میں آ جائیں گے، میاں نواز شریف 4 بجے یہاں پہنچ جائیں گے، باقاعدہ تمام روٹس دیے گئے ہیں وہیں سے لوگ آئیں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم اندھیروں میں نہیں اجالوں میں جلسے کرتے ہیں، محمد نواز شریف جیسا لیڈر پاکستان میں نہیں ، ہم اپنے مخالفین کو گالی نہیں دیتے بلکہ ہم ہر جماعت کی عزت کرتے ہیں، یہاں بہت سے لوگ ممز بنانے میں لگے ہیں فیک نیوز پھیلائی جانے کی کوشش کر رہے،
میرا ان لوگوں کو مشورہ ہے آج آرام کریں انہیں اب کوئی فائدہ نہیں ہوگا، لوگ 5 ,6 سال سے پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں، آج جھوٹ کا دن نہیں آج سچ بولنے کا دن ہے۔
لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد پاکستان واپس آ گئے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد کا طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا، اسلام آباد ایئر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا،
اے ٹی سی کی جانب سے طیارے کو لینڈنگ کے لیے گرین سگنل دیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ نوازشریف کے طیارے کو لائیو ٹریکنگ ویب سائٹ پرسب سے زیادہ ٹریک کیا گیا تھا، سابق وزیراعظم کے ہمراہ سینیٹر عرفان صدیقی اور ناصر جنجوعہ سمیت دیگر رہنماء اور کارکن بھی موجود ہیں، مجموعی طور پر 148 مسافر اس خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں۔