لاہور : قومی ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی 4 سال علاج کے لیے باہر رہنے کے بعد وطن واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عمر اکمل نے وطن واپسی پر نواز شریف کو خوش آمدید کہا اور انہیں اپنا حقیقی لیڈر قرار دیا۔ عمر اکمل نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ کی آمد خوشیاں لے کر آئے گی۔
کرکٹر نے مزید لکھا کہ ایماندار اور حقیقی لیڈر ملک میں واپس آگیا ہے اور ہم اچھے کیلئے پرامید ہیں‘۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف 4 سال بعد پاکستان واپس آ گئے۔ نوازشریف کا طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔ اسلام آباد ایئر ٹریفک کنٹرول نے میاں نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا ۔
اے ٹی سی کی جانب سے طیارے کو لینڈنگ کے لیے گرین سگنل دیا۔
خوش آمدید نواز شریف ! میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے
نوازشریف نے ائیرپورٹ پر اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کی۔ نوازشریف نے اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی امیگریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا نواز شریف کے پاسپورٹ پر پاکستان داخلے کی مہر لگا دی گئی۔
نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کردیے ۔
بتایا جارہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن کو وطن واپس لانے والی پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے جو ایک گھنٹہ 22 منٹ تاخیر سے 10 بج کر 42 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی، دبئی سے اسلام آباد پرواز کا دورانیہ 3 گھنٹے 5 منٹ ہے، سابق وزیراعظم کے جہاز تقریباً دوپہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد میں لینڈ کیا جس کے بعد اب وہ لاہور کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔