حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھرمیں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملکی ترقی، خوشحالی اورسلامتی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا،نمازعید کے اجتماعات تمام شہروں، قصبوں اور دیہات میں ، مساجد، عید گاہوں اورکھلے مقامات منعقد ہوئے۔
علمائے کرام اپنےعید کے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔
کراچی کے پولو گراؤنڈ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، کنوینئر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سمیت اہم شخصیات نے نماز عید پڑھی۔ نماز عید میں غیرملکی سفارتی شخصیات بھی شامل تھے۔ نماز عید کی امامت مولانا محمد احمد سلیمی نے کی۔
لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز عیدکا بڑا اجتماع ہوا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بادشاہی مسجد میں نمازعید ادا کی۔ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں نمازعید پڑھائی۔ کوئٹہ کی مرکزی عیدگاہ میں نماز عید کا اجتماع ہوا۔ پشاور، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں نماز عیدکے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے نماعید نواب شاہ میں جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں ادا کردی۔
ضلعی حکومتوں کی جانب سے عیدکے دنوں میں آلائشیں اور دوسرا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
دوسری طرف ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں رات تک قربانی کے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ جا ری رہا،شہری بیوپاریوں کیساتھ جانوروں کا بھائو کرتے رہے۔
اس کے علاوہ رات گئے تک خواتین اوربچے عید کی شاپنگ میں مصروف رہے،کپڑوں اور جوتوں کی خریداری کیلئے بازاروں میں رش لگا رہا،خواتین عیدالاضحیٰ کے خصوصی مہندی ڈیزائن ہاتھوں پر بنواتی رہیں۔