اسلام آباد:پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصوصی ہنگامی اجلاس غزہ میں غیر مشروط اور فوری جنگ بندی کےلئے اہم کردار ادا کرے گا اور فلسطینی باشندوں کی نسل کشی کے منصوبوں کی مذمت کرے گا۔
اسلام آباد میں آج دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ میں وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ فلسطینی باشندوں کی بڑھتی ہوئی شرح اموات اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنگ بندی اور غزہ میں قتل عام کو ختم کروانے میں ناکام ہوگئی ہے۔
پاکستان کے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور امداد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ترجمان نے اسرائیل کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کےخلاف مظالم بند کروانے اور غزہ کا محاصرہ ختم کروانے کے لئے مؤثر اقدامات کریں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے تشدد اور بمباری کی مہم کو رکوانے کےلئے بھی یقینی اقدامات کرنے چاہئے تاکہ یہ مشرق وسطیٰ کے پورے علاقے تک نہ پھیل سکے۔
انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کے انٹرویو پر سخت ردعمل
پاکستان کو میزائل سازی سے متعلق مواد فراہم کرنے والی تین چینی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجما ن نے کہا کہ یہ ماضی کا معاملہ ہے جس میں بعض کمپنیوں کو مشتبہ فہرست میں شامل کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ تازہ ترین صورتحال میں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
ایک سوال کےجواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے متنازع علاقے سمیت تمام امور پر ہمیشہ مذاکرات اور امن پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی زندگی اجیرن نہ بنائے اور انہیں ڈرانے دھمکانے اور ہراساں کرنے سے بازرہے۔
غیر قانونی مقیم شہریوں کی بے داخلی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کےلئے کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا افغان حکام پربھی واضح کردیا گیا ہے کہ یہ پالیسی صرف افغانستان کےلئے نہیں ہے۔