اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے، ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 73 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 938 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2 ہزار 714 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 12 ہزار 809 ہوگئی۔
ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 8 ہزار 339 ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : جعلی ویکسین سرٹیفیکٹ بنوانے والوں کا ڈیٹا جمع ، ایف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے 56 ہزار 733 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 1 کروڑ 86 لاکھ 25 ہزار 952 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کروناوائرس کے مثبت کیسز کی شرح 4.78 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کروناوائرس کے 5 ہزار 122 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔
ویکسینیشن کی صورتحال
ملک میں اب تک 5 کروڑ 27 لاکھ 98 ہزار 836 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 2 کروڑ 28 لاکھ 73 ہزار 298 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔