راولپنڈ ی : احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بانی تحریک انصاف عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ۔ چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا، فرد جرم کے وقت بانی چئیرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ بشری بی بی وکلاء کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔
عمران خان توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی معطلی کیلئے پھر سپریم کورٹ سے رجوع کرچکے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں بھی گرفتار
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرکے دوبارہ اپیل دائر کردی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے اپیل میں استدعا کی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
ٹرائل کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔اپنے فیصلے میں جج نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی پر الزامات ثابت ہوتے ہیں، ان پر جھوٹے اثاثے ظاہر کرنے کا الزام ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 3سال کی سزا سنائی جاتی ہے، ان کے گرفتاری کے وارنٹ نکالے جاتے ہیں اور ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔