میرعلی : صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے اغواء کرکے 6 حجام قتل کردیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی بازار میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا۔
مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولین کی میرعلی بازار میں حجام کی دکانیں تھیں اور ان تمام افراد کا تعلق جنوبی پنجاب سے بتایا جاتا ہے، رات کے وقت نامعلوم افراد نے تمام دکانداروں کو اغواء کیا اور آج صبح میرعلی بازار کے قریب سے ان کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
بتایا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی ہی تحصیل خیبر کے علاقے باڑہ میں فائرنگ سے تلویندر سنگھ نامی سکھ شہری شدید زخمی ہوگیا، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔
دوسری طرف شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر سمیت 5 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا،
نگران وزیراعظم کی چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ آمد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں مارے گئے دہشت گرد کمانڈر کی شناخت راہ زیب عرف خارے کے نام سے ہوئی،
دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران مختلف نوعیت کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے، اہل علاقہ کی جانب سے سکیورٹی فورسزکے آپریشن کو سراہا گیا ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کوختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔