ابوظبی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے بنائے گئے بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر پشاور زلمی کے دو کھلاڑی حیدر علی اور عمید آصف کو معطل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف ببل کے باہرموجود افراد سے ملاقات کی بلکہ وہ ان افراد سے مقررہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں بھی ناکام رہے جبکہ دونوں کھلاڑیوں نے لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پیش آنے والے اس واقعے پر ٹورنامنٹ کے کوویڈ 19 منیجمنٹ پینل نے دونوں کھلاڑیوں کی معطلی سے متعلق فیصلہ آج جمعرات کو کیا ہے۔
اس پینل میں بیرسٹر سلمان نصیر (پی سی بی ، چیف آپریٹنگ آفیسر) ، بابرحامد (ڈائریکٹرکمرشل پی سی بی اور سربراہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6) شامل ہیں۔
اس واقعے کے بعد یہ دونوں کرکٹرز اپنے اسکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملیں گے اور اب یہ دونوں کرکٹرز روم آئسولیشن میں جا چکے ہیں۔
واقعے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ حیدر علی کو دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر کردیا ہے اور صہیب مقصود بطور متبادل کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کپتان بابراعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بطور کپتان ذمہ داری نبھاتے ہوئے پریشانی ضرور ہوتی ہے ، وہاب ریاض
صہیب مقصود اب دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں حیدر علی کی جگہ قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔