سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو رہائی کے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق نوواک جوکووچ کو چند گھنٹوں قبل ہی رواں برس کے آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے کی اجازت ملنے کے باوجود آسٹریلوی حکومت نے مبینہ طور پر گرفتار کر لیا ہے۔
ایک مقامی خاتون صحافی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ جوکووچ کے والد نے انہیں بتایا ہے کہ ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ کے رواں ماہ کے آغاز میں آسٹریلیا پہنچنے پر ان کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ملک میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔
جوکووچ کو آسٹریلیا میں داخلے اور نئے سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ میں شرکت کے لیے طبی استثنیٰ ثابت نہ کرسکنے پر جمعرات کو ایک ہوٹل میں حراست میں لیا گیا تھا ۔
یہ بھی پڑھیں : ٹینس کے معروف کھلاڑی کا آسٹریلیا میں داخلہ ممنوع قرار
سربین ٹینس اسٹار نے آسٹریلوی حکام کی جانب سے ویزا منسوخ کیے جانے کے فیصلے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔
بالآخر عدالت نے آج (پیر کے روز) جوکووچ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ویزا کی منسوخی کے حکم کو فوری طور پر منسوخ کر دیا اور ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے۔
تاہم ان کی گرفتاری کی خبروں سے ایسا لگتا ہے کہ جوکووچ پر ابھی بھی رواں ماہ آسٹریلین اوپن میں کھیلنے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے اور عدالتی فیصلے کے باوجود آسٹریلوی حکام انہیں ملک بدر کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن کے مداحوں نے ان کی گرفتاری کے روز سے ہی ہوٹل کے باہر ان کے حق میں احتجاج جاری رکھا ہوا ہے ۔