قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے آسٹریلوی بگ بیش لیگ کے آنے والے سیزن میں شرکت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعدآسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں بابر اعظم ان کی بگ بیش ٹیم میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کریں۔
ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بارے میں بابر سے بات بھی کی ہے اور وہ پر امید ہیں کہ جلد ہی کوئی مثبت خبر بھی آسکتی ہے۔
ایرون فنچ کے بیان کے بعد بگ بیش لیگ کے آفیشل ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے ٹوئیٹ کیا گیا کہ آپ کس پاکستانی کھلاڑی کو لیگ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
میلبرن اسٹارز کے آفیشل اکاؤنٹ سے ان کے پاکستانی اسٹار کھلاڑی حارث رؤف کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا گیا کہ کیا آپ بابر اعظم کو لا سکتے ہیں، وہ گرین کٹ میں اچھے لگیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف، محمد حسنین، دلبر حسین، احمد دانیال اور یاسر عرفات بگ بیش لیگ میں کھیل چکے ہیں۔