بیلا روس کے صدر کا کہنا ہے کہ انہیں یہ امید نہیں تھی کہ یوکرین میں روس کا آپریشن طول پکڑ جائے گا۔
جمعرات کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لُکاشینکو نے دعویٰ کیا کہ وہ جنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے تھے۔
صدر لُکاشینکو نے 24 فروری کو یوکرین پر روسی حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید نہیں تھے یہ معاملہ طول پکڑ جائے گا۔
دارالحکومت منسک میں دیے گئے انٹرویو میں سربراہ بیلا روس کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے میں اتنے ملوث نہیں ہیں کہ روسیوں کی طرح یہ کہہ سکیں کہ آیا سب کچھ منصوبے کے مطابق کیا۔
انہوں نے کہا ‘میں ایک بار اور کہوں گا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ آپریشن طول پکڑ گیا ہے۔‘
انہوں نے یوکرین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین نے روس کو مشتعل کیا۔
بیلا روسی صدر نے یہ بھی باور کرایا کہ بیلا روس امن کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی جنگ کو قبول نہیں کرتے۔ ہم نے سب کچھ کیا ہے اور اب بھی سب کچھ کر رہے ہیں کہ کوئی جنگ نہ ہو۔ شکر ہے یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔